افواج پاکستان کا انتخابات میں براہ راست کوئی تعلق نہیں، آئی ایس پی آر

کیٹیگری پاکستان
Tuesday, 10 July 2018


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان کا انتخابات میں براہ راست کوئی تعلق نہیں اور فوج الیکشن کے عمل کو غیر سیاسی غیر جانبدار ہوکر ادا کرے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار ہوتا رہا ہے، آپ نے دیکھا کہ تمام شکوک و شبہات دم توڑ گئے، 25 جولا ئی کوعوام ملک کو ایک نئی جمہوری حکومت کی طرف لے کر جائیں گے۔

’الیکشن 2018 میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشن ہیں‘
انہوں نےکہا کہ 2013 کے انتخابات نسبتاً مشکل تھے، 2013 میں دہشتگردی کے واقعات ہورہے تھے، 2013کے جنرل الیکشن میں 70ہزار185 پولنگ اسٹیشنز کیلیے 75ہزار اہلکاروں نے الیکشن ڈیوٹیز انجام دیں، اب 2018 الیکشن میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشن ہیں اور ہمیں جو کام بتایا گیا ہے اس کے لیے 3 لاکھ 71 ہزار سے زائداہلکار درکار ہوں گے، الیکشن میں بحریہ اور فضائیہ کے اہلکار بھی ڈیوٹی پر ہوں گے، 20 ہزار سے زائد پولنگ حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں، 2 جوان پولنگ اسٹیشن کے اندر اور 2 باہر ہوں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں پہلی بار فوج تعینات نہیں ہو رہی، پچھلے الیکشنز میں بھی فوج خدمات انجام دیتی رہی ہے، 25 جولائی کو الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے، الیکشن کے انعقاد میں پاک فوج کا براہ راست کوئی کردار نہیں ہے، پاک فوج پرامن اور شفاف ماحول کے لیے معاونت کرے گی تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر تمام چیزوں کے لیے محفوظ ماحول دستیاب ہو۔

ترجمان پاک فوج نے کہاکہ ایسا ماحول فراہم کریں گے کہ ووٹر کو کسی بھی دباؤ میں نہ لایا جائے اور وہ اپنی مرضی سے ووٹ دے، الیکشن کا عمل کسی بھی قسم کی بے ضابطگی تعصب اور پسند ناپسند سے بالاتر ہو، بیلٹ باکس میں 100 ووٹ ڈالے گئے ہوں تو 100 ہی نکلیں، کہیں بھی افواج پاکستان کے نمائندے بے ضابطگی دیکھیں گے تو الیکشن کمیشن کو بتائیں گے، افواج کو کوئی اختیار نہیں کہ اس عمل کو سیدھا کرنے کے لیے خود آگے آئے لہٰذا کسی بھی بے ضابطگی کی نشاندہی الیکشن کمیشن کے ذریعے ہی کی جائے گی۔

الیکشن کے عمل میں کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی: ترجمان پاک فوج
میجر جنرل آصف غفورنے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل فوج کی نگرانی میں ہوگی، ہم نے اسے صرف محفوظ طریقے سے پہنچانا ہے، الیکشن کے بعد بیلٹ باکس کو محفوظ طریقے واپس بھیجنے کےلیے بھی فوج سیکیورٹی دے گی، فوج کا کام یہ ہے کہ انتخابی مواد بغیر کسی رکاوٹ کے مقررہ مقامات تک پہنچایاجائے جب کہ پرنٹنگ پریس سے میٹریل نکلنے کے بعد بھی سیکیورٹی رہے گی تاکہ کوئی دوسری قسط چھپ کر نہ نکل جائے۔

انہوں نے کہا کہ پوری فوج کو ایسا آرڈر جاتا ہے جو کمانڈ کو مضبوط کرتاہے اور ہمیں حکم ہےکہ غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہوتے ہوئے الیکشن کمیشن کی مدد کریں، افواج پاکستان اس عمل کو مکمل طور پر غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہوتے ہوئے ادا کرے گی اور الیکشن کے عمل میں کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ سب سے پہلا کام ملک میں امن وامان ہے، الیکشن سے تین روز قبل سیکیورٹی کی ذمہ داری پوری ہوجائے گی، عوام کو کنٹرول کرنے کی بنیادی ذمہ داری پولیس سمیت سول آرمڈ فورسز کی ہوگی، پولنگ کے اندر موجود جوان کی بنیادی ذمہ داری شفاف الیکشن میں رکاوٹ کا معاملہ دیکھنا ہے، الیکشن کمیشن سے تصدیق شدہ افراد کو کارڈ دیئے جائیں گے اور غیر ملکی مبصرین بھی کارڈ کے مطابق اندر جائیں گے، اندر موجود جوان کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ غیر متعلقہ شخص کو پولنگ بوتھ کے اندر نہ آنے دے۔

کسی کو ووٹر کے ساتھ زبردستی کی اجازت نہیں ہوگی: میجر جنرل آصف غفور
میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ کسی کو ووٹر کے ساتھ زبردستی کی اجازت نہیں ہوگی، جہاں کوئی بے ضابطگی ہوگی، پولنگ بوتھ کے اندر کا جوان وہان موجود افسر اور الیکشن کمیشن کو بتائے تاکہ اور مسئلے کے حل تک پولنگ روک دی جائے گی۔

ترجمان پاک فوج کی میڈیا نمائندوں سے اپیل

ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا نمائندوں سے اپیل کی کہ ڈیوٹی پر کھڑے جوان سے سوالات کرنے سے گریز کریں، ہر شہر میں آئی ایس پی آر کے نمائندے ہوں گے ان سے رابطہ کیا جائے اس لیے ڈیوٹی پر موجود جوان تک نہ جائیں کیونکہ جب ایک سپاہی کھڑا ہے اس کا مطلب یہ نہیں وہ ایک ہے، وہ پوری فوج کا نمائندہ ہے، اسے اپنی فوج سمجھ کر تعاون کریں، اس کے ساتھ کوئی ایسا رابطہ نہ کریں جو اس کی ڈیوٹی کی راہ میں رکاوٹ بنے، عوام کی محبت ایک جگہ لیکن فوج اپنے جوانوں کا خیال رکھتی ہے، ان سےمحبت کا اظہار یہی ہے کہ اس کی ڈیوٹی میں خلل نہ ڈالیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہماری کوئی سیاسی جماعت نہیں، صرف پاکستان کی عوام ہی ہمارا مفاد ہے، عوام کے لیے ضروری ہے الیکشن بہت اچھےطریقے سے ہوں، جتنی تعداد میں ووٹ ڈلیں اتنے ہی باہر آئیں تو اتنا ہی شفاف الیکشن ہوگا، عوام کی ذمہ داری ہےکہ وہ ووٹ ڈالیں، جو پارٹی اور لیڈر انہیں پسند ہے کسی خوف کے بغیر اسے ووٹ ڈالیں۔

جو پارٹی اور لیڈر عوام کو پسند ہے، بلاخوف اسے ووٹ ڈالیں: آصف غفور
انہوں نے کہاکہ اگر ووٹر سمجھتے ہیں یہ ان کا نمائندہ ہے تو ووٹ ڈالیں، یہ کیسے ممکن ہے ساڑھے تین لاکھ فوج کو کان میں کہہ دیں ایسا کرنا ہے، فوج کی ایک عزت ہے، سپاہی ہمارے حکم پر جان دینے کے لیے تیار ہوتا ہے اسے غلط حکم نہیں دے سکتے، اس سیاسی عمل کو سیاسی رہنے دیں، ہم 25 جولائی تک اور برداشت کریں گے، آپ دیکھیں گے جیسے باقی الزام غلط ثابت ہوئے یہ بھی ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ایسا کون سا الیکشن تھا جس میں کسی جماعت یا سیاستدان نے یہ نہ کہا ہو کہ دھاندلی ہورہی ہے، کوئی ایک ایسا الیکشن بتایا جائے جس سے پہلے مختلف جماعتوں کے لوگوں نے پارٹی تبدیل نہ کی ہو، بدقسمتی سے سیاسی جماعتیں دوسری جماعتوں کو نیچا دکھا کر الیکشن لڑنے کی کوشش کرتی ہیں۔

انہوں نےکہاکہ پچھلے سالوں میں قومی فریضہ کامیابی سے انجام دیا ہے، پاک فوج پچھلے 15 سال میں بہت اہم اور بقائے پاکستان کی جنگ لڑرہی ہے، جب آپ دل یا دماغ کی سرجری کررہے ہوں تو چھوٹی بیماریوں کی طرف توجہ نہیں دی جاتی، ان سب چیزوں کا مقصد ہے کہ فوج کی توجہ مین ایشوز سے ہٹائی جائے۔

ٹاک شوز میں جس کا جو دل چاہے کہے جارہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھاکہ جس طرح قربانی دے کر امن قائم کیا اس میں ہم نے وہ چیزیں بھی برداشت کیں جو عام حالات میں نہیں کرتے، ان پر بھی رد عمل نہیں دیا جو نام لے کر کہا گیا، بطور ترجمان افواج پاکستان اس طریقے سے بات نہیں کرسکتا جیسے باہر ہوتی ہے، روز ٹاک شوز ہوتے ہیں ہر بندے کو اجازت ہوتی ہے جس کا جو دل چاہے کہے جارہا ہے، یہ باتیں کوئی نئی نہیں، یہ وقت ایسا ہے جس میں ہماری توجہ اہم مسائل پر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ میں فون کرکے کہوں ایسا کردیں تو آپ کردیں گے، بہت ساری چیزیں الیکشن مہم کا حصہ ہوتی ہیں جس میں فوج کو ڈالا جارہا ہے، ہم یہ سب اس لیے برداشت کررہے ہیں کہ ہمیں پتا ہے ہمیں کہاں جانا ہے، کروڑوں ووٹرز ہیں، کیا اتنے پاکستانیوں کو کوئی کہہ سکتا ہے کہ اسے ووٹ ڈالیں، عوام جسے چاہیں ووٹ ڈالیں، الیکشن پر فوج سے زیادہ کوئی مطمئن اور خوش نہیں ہے۔

جنرل فیض حمید سے متعلق سوال پر ان کاکہنا تھاکہ جو لوگ ان کانام لیتے ہیں انہیں ان کے کام ہی نہیں پتا، ان کا دہشت گردی کے خلاف بہت کردار ہے۔

ملتان واقعے میں آئی ایس آئی کے کردار کی تردید

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملتان واقعے سے متعلق سوال پر واقعے میں آئی ایس آئی کے کسی کردار کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ محکمہ زراعت سے پتا کریں پچھلے ایک سال سے مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کررہے تھے یا نہیں، اسے یہ رنگ دینا کہ الیکشن لڑنے کی وجہ سے ایسا ہوا تو اس میں ایسی کوئی بات نہیں، چھوٹے چھوٹے واقعات کو قومی سطح پر نہ لایا جائے۔

جیب کے نشان سے متعلق وضاحت

جیپ کے نشان سے متعلق سوال کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ نشان افواج پاکستان یا آئی ایس آئی جاری نہیں کرتی، جیپ کو جس کا رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں وہ ہماری نہیں، اس قسم کی زیادہ جیپیں امیدواروں کےپاس ہیں اور وہی استعمال کرتے ہیں لہٰذا ہر چیز کو شک کی نظر سے نہ دیکھیں۔

فاٹا میں الیکشن کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فاٹا کا انضمام ہوچکا ہے وہاں الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں بھی درخواستیں گئیں، اب اس معاملے پر جو ریاست کا فیصلہ ہے وہی سب کا ہوگا، وہاں باقی الیکشن ابھی عام انتخابات کے مطابق ہوں گے۔

جو آپ بوئیں گے پورے پانچ سال وہی کاٹیں گے: ترجمان پاک فوج
ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ جو آپ بوئیں گے پورے پانچ سال وہی کاٹیں گے، آپپ نے بونا ہے اور آپ نے کاٹنا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کہ میڈیا بھی اس عمل کو ٹھیک سے لے کر چلے، میڈیا الیکشن میں شفافیت پر ہم سے زیادہ تعاون کرسکتا ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر کے معاملے پر گفتگو

کیپٹن (ر) صفدر سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ فوج ایک ایسا ادارہ ہے جس کے قواعد بہت سخت ہیں اور اس پر عملدرآمد بھی ہوتا ہے، کیپٹن (ر) صفدر کو سول کورٹ سے سزا ہوئی جب ان کا کیس اس اسٹیج پر آئے گا جو آرمی کے قوانین ہیں اس کے مطابق ان کے ساتھ کارروائی ہوگی۔

’سوشل میڈیا پر کنٹرول نہیں کرسکتے‘

سوشل میڈیا کے حوالے سے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم سوشل میڈیا پر کنٹرول نہیں کرسکتے اور نہ چاہتے ہیں، کسی سے ڈنڈے کے زور پر کچھ نہیں کراسکتے، اسے احساس دلانا ضروری ہے، جب کوئی حدود پار ہوگی تب کارروائی کرتے ہیں اور اس حوالے سے ایف آئی اے بہت اچھا کام کررہی ہے، سوشل میڈیا پر جو کام ملک کےخلاف ہوگا وہ نظر انداز نہیں ہوگا۔

الیکشن میں کالعدم جماعتوں سے متعلق سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اگر الیکشن کے لیے کوئی پارٹی بنتی ہے تو اس کے قانون کے مطابق رجسٹر ہونے کا عمل ہے، کسی بھی شخص کے الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرتا ہے، اگر اس میں کوئی خلاف ورزی ہوئی تو کوئی بھی شہری عدالت جاسکتا ہے۔

خلائی مخلوق سے متعلق سوال پر جواب

خلائی مخلوق سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھاکہ ہم سیاست نہیں کرتے، ہم رب کی مخلوق ہیں، پاکستان کی عوام کے لیے اپنی ڈیوٹی کرتے رہیں گے، ہمیں پتا ہم کیسی مخلوق ہیں، پاکستان کی عوام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ڈیوٹی پوری کریں گے، اس قسم کے القابات کا کیا اثر ہوسکتا ہے۔

جسے عوام منتخب کریں گے وہ وزیراعظم ہوگا: میجر جنرل آصف غفور
ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہاکہ پاکستان کے عوام کسی کو بھی منتخب کریں جسے نتائج کے بعد وزیراعظم مقرر کیا جاتا ہے وہہ وزیراعظم ہوگا، ہماری طرف سے مسٹر اے، بی یا سی آئیں، جسے عوام لےکر آئیں وہ وزیراعظم ہوگا۔

ڈیموں کے لیے تعاون

ڈیموں کے حوالے سے میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ ڈیم کےلیے جو فنڈ بنا ہے ہم نے اپنا حصہ ڈالا ہے، ڈیمز پاکستان کی ضرورت ہیں، اس سلسلے میں جو بھی فنڈز کے اندر حصہ ڈالنا چاہتے ہیں انہیں ضرور ڈالنا چاہیے اور آرمی چیف خود بھی ایک ماہ کی تنخواہ فنڈ میں دے رہے ہیں۔

پڑھا گیا 149 دفعہ

Leave a comment

شیعہ نسل کشی رپورٹ

Shia Genocide 2016

حلب میں داعش کو شکست

حلب شام میں داعش کو شکست فاش کی لمحہ بہ لمحہ خبریں

اسلام و پاکستان دشمن مفتی نعیم

Mufti Naeem

مقبوضہ کشمیر و فلسطین

ایندھن کی قلت، غزہ کا سب سے بڑا اسپتال بند ہونے کا خدشہ

ایندھن کی قلت، غزہ کا سب سے بڑا اسپتال بند ہونے کا خدشہ

مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ایک بڑے اسپتال ’الشفاء میڈیکل کپملیکس‘ نے ایندھن کی عدم دستیابی اور ادویات کی قلت کے ب...

مقالہ جات

طاغوتی قوتوں کے خلاف جہاد، عاشورا کا سرمدی پیغام

طاغوتی قوتوں کے خلاف جہاد، عاشورا کا سرمدی پیغام

اگرچہ واقعہ عاشورا 61 ہجری میں پیش آیا لیکن چونکہ اس کا مقصد ایسی حکومت کے خلاف جہاد تھا جس کی بنیاد دھوکے، جھوٹ اور لالچ کی سیاست پر استوار تھی اور و...

Follow

Facebook

ڈیلی موشن

سوشل میڈیا لنکس

ہم سے رابطہ

ایمیل: This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

ویبسائٹ http://www.shiitenews.org