پاکستان

علامہ ناصر عباس کی وفد کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات، سانحہ راولپنڈی بیرونی قوت کا شاخسانہ ہے، مشترکہ اعلامیہ

pti mwmمجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ بنی گالہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی، جس میں سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، علامہ شفقت شیرازی، مرکزی رہنماء فضل عباس نقوی اور نثار فیضی شریک تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی، صوبائی صدر اعجاز چوہدری اور شہزاد سلیم بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق دونوں جماعتوں نے سانحہ راولپنڈی کو بیرونی قوت کا نتیجہ قرار دیا۔ بیان کے مطابق سانحہ راولپنڈی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، جمعہ کے روز ہونے والے احتجاجات کو پرامن ہونا چاہیے۔ دونوں جماعتوں نے ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت ملکی حالات پر بات چیت کی ہے اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کوشوں کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں نے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ رہنماوں نے سانحہ راولپنڈی کو ایک بیرونی سازش قرار دیا اور کہا کہ اس سازش کے ذریعے ملک بھر کا امن غارت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اس سانحہ میں ملکی اور بیرونی دونوں ہاتھ ملوث ہیں۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائے، عمران خان نے تمام مسالک کے علماء سے اپیل کی وہ ملک میں امن قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close