پاکستان

داعش والے ہمارے بھائی ہیں انکے ہر منصوبے کی حمایت کرینگے، جنداللہ ترجمان فہد مروت

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک گروپ جنداللہ نے عراق و شام میں سرگرم دہشتگر گروہ داعش کی حمایت کر دی ہے۔ الزبیر الکویتی کی سربراہی میں داعش کے تین رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد جنداللہ نے نام نہاد دولت اسلامیہ کی حمایت کا اعلان کیا۔ جنداللہ کے ترجمان فہد مروت نے کہا دولت اسلامیہ والے ہمارے بھائی ہیں، ان کے پاس جو بھی منصوبہ ہے ہم اس کی حمایت کرینگے۔ جنداللہ مذہبی اقلیتوں کیخلاف کارروائیوں کے حوالے سے معروف ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اب تک پاکستان میں دہشتگرد گروہ داعش کی حمایت، ریاست مخالف گروپوں کے بجائے فرقہ وارانہ تشدد پر یقین رکھنے والے گروپ کر رہے ہیں۔ داعش کے لشکر جھنگوی سے روابط کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق لشکر جھنگوی کی قیادت نے ایک سال قبل سعودی عرب اور شام کے سرحدی علاقے میں داعش کے رہنماوں سے ملاقات کی تھی۔ ایک پولیس اہلکار کے مطابق سینکڑوں پاکستانی لڑنے کے لئے شام گئے تھے، تاہم ان کا یہ دورہ طالبان یا اپنی طرف سے تھا جن میں سے واپس آنیوالے 5 افراد نے پاکستانی ائیر بیسز پر حملے بھی کئے تھے۔

چند روز قبل بھی کالعدم دہشتگرد گروپ جنداللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ داعش کے ایک وفد نے بلوچستان میں ان کی قیادت سے ملاقات کی تھی۔ جنداللہ کے ترجمان فہد مروت کا کہنا تھا کہ ملاقات رواں ہفتہ ہوئی اور ملاقات کا مقصد یہ جاننا تھا کہ داعش کس طرح پاکستانی عسکریت پسند گروہوں کو متحد کرسکتا ہے۔ یاد رہے کہ جنداللہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی ایک شاخ ہے اور رواں ہفتہ ٹی ٹی پی نے داعش کے ساتھ اتحاد کے اعلان پر اپنے ترجمان کو برطرف کر دیا تھا۔ شام اور عراق کے کچھ حصہ پر قابض داعش نے مشرق وسطٰی میں خود ساختہ خلافت قائم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ٹی ٹی پی ملا عمر کو مسلمانوں کا رہنما تصور کرتی ہے۔
اس سے پہلے بلوچستان حکومت نے ایک خفیہ رپورٹ میں وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خبردار کیا تھا کہ صوبہ میں داعش اپنے قدم جما رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق داعش نے صوبہ خیبر پختونخوا میں سرکاری عمارتوں، عسکری تنصیبات اور شیعہ برادری کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ کراچی، خانیوال اور لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں داعش کی حمایت میں وال چاکنگ بھی ہوچکی ہے۔
تاہم وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گذشتہ منگل کو ملک میں داعش کی موجودگی سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نام سے کوئی تنظیم پاکستان میں موجود نہیں۔

ٹیگز
Show More

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close