عراق

عراق کا شہر سعدیہ داعش کے قبضے سے آزاد

عراقی فوج نے شمال مشرقی بغداد کے شہر سعدیہ کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ شین ہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف شدید جنگ کرنے کے بعد آخر کار شہر سعدیہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔دوسری جانب مغربی عراق کے صوبہ الانبار کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے سیکورٹی اہلکار، قبائلي جنگجو اور رضاکار فورس ہيت قصبے میں چاروں طرف سے داخل ہو گئے ہیں جس کے دوران دہشت گردوں سے شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ اس قصبہ پر دو ماہ قبل دہشت گردوں نے قبضہ کر لیا تھا۔ واضح رہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو ہيت قصبے میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ مہم شروع کی تھی۔ادھر عراقی سیکورٹی فورسز نے صلاح الدین صوبے کے مرکز تكريت میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ سومريہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق صلاح الدین صوبے کی پولیس نے بتایا ہے کہ جنوبی تكريت سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بلد نگر میں جمعرات کو ہونے والی جھڑپوں میں پندرہ دہشت گرد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔فوج نے اسی طرح دسیوں دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا۔ فوج کی اس کارروائی میں داعش کی دو گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ ادھر اس علاقے میں داعش کے دہشت گردوں اور مقامی قبائل کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ اسی طرح فوج نے بلد شہر میں دہشت گردوں کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا جس کے دوران 22 دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔

ٹیگز
Show More

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close