پاکستان

پنجاب میں دہشتگردوں کی بڑی نرسریاں جنم لے رہی ہیں،خورشید شاہ

 قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے، جس کا ہم 2008ء سے مقابلہ کر رہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے اس سے پہلے بھی سوات، فاٹا، وزیرستان سمیت دیگر علاقوں میں آپریشن ہوئے دہشت گردی کے واقعات ملک کے مختلف علاقوں میں رونما ہورہے ہیں، ہم سب کو مل کر اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ جیکب آباد میں شہید ہونے والے شہدا کے ورثا سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے سیاسی صورتحال پر گہرا اثر ہوتاہے ہم سب کو مل کر اس کا حل ڈھونڈنا ہوگا، پیپلز پارٹی کے دور میں جب ایسے حالات ہوتے تھے تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسئلے کا حل نکالتے تھے، اب ایسے حالات ہیں کہ حکومت کو مل کر کوشش کرنی چاہیے اور راستہ ڈھونڈنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد کافی حد تک دہشت گردی کا خاتمہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کی بڑی نرسریاں جنم لے رہی ہیں وہاں سے ہی سندھ کے مختلف حصوں میں مسلسل حملے ہورہے ہیں اس سے پہلے سانحہ شکارپور اور اب جیکب آباد میں ہوا ہے یہ سارا علاقہ دہشت گردی کی زد میں آرہا ہے حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہیے، حکومت سندھ کے جو وسائل ہیں وہ کوشش کررہی ہے، سندھ حکومت کو ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نیٹ ورک ٹھیک ہوجائے گا تو ہم دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑسکتے ہیں۔

 

ٹیگز
Show More

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close