کاپی رائٹ کی وجہ سے آپ یہ مواد کاپی نہیں کر سکتے۔
پاکستان

پاکستان اور ایران کے درمیان ویزے کے عمل کو آسان بنانے کا فیصلہ

شیعیت نیوز: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل محمد باقر بیگی کی قیادت میں ایرانی وفد کے ساتھ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابقہ حکومت میں حکومت ایران کے ساتھ جتنے بھی یاداشتی مفاہمت (ایم او یوز) دستخط ہوئے ہیں اُن پر دونوں حکومتیں مل بیٹھ کر آگے بڑھیں گی اور اُن کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ صوبے میں ٹوارزم کے شعبے میں کافی پوٹینشل موجود ہے، صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق ٹوارزم پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے دونوں ملکوں کے ویزا عمل میں تبدیلی لائی جائے گی اور لوگوں کیلئے اس عمل کو مزید آسان اور سہل بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹریول ایجنسی کے وفود ضرور ایران کا دورہ کرے گی اور سیاحت کے فروغ کیلئے کام کو آسان بنائے گی۔ وزیراعلٰی محمود خان نے قونصل جنرل کی طرف سے صوبے کے مختلف یونیورسٹیوں سے سکالرشپس پر ایران میں تعلیم کے حصول کی تجویز کو بہت سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت زیادہ تر طلباء سکالرشپس پر ایران کی مختلف یونیورسٹیوں میں بھیجیں گے۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ ہماری صحافتی برادری ایران کے دورے پر ہے، اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، انہوں نے کہا کہ وہ بھی اُمید رکھتے ہیں کہ ایران کے جرنلسٹس بھی صوبے کا دورہ کریں۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ایرانی قونصلیٹ کے ساتھ یونیورسٹی ٹاؤن روڈ ایشو پر کام کرنا چاہتی ہے جس پر قونصل جنرل نے بتایا کہ اُن کے سکیورٹی حکام اس کا دورہ کریں گے اور تجویز پیش کرکے اس ایشو کو ایرانی حکومت کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلٰی اور قونصل جنرل کا ملکی اور خاص طور پر صوبائی اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں اور صوبہ خیبر پختونخوا کا ایران کے ساتھ تعلقات کی مزید بہتری پر اتفاق ہوا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ پورے ملک اور خاص طور صوبے میں تبدیلی کے آثار اب نمایاں ہونے لگے ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان بہت جلد ایران کا دورہ بھی کریں گے، جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔ ایران کے قونصل جنرل نے صوبے میں اور خاص کر قبائلی اضلاع میں مختلف فیلڈ میں تعاون اور سرمایہ کاری کی پیش کش کی۔ وزیراعلٰی نے مشیر برائے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر کو اس حوالے سے ہدایت دی کہ ایرانی قونصل جنرل کے ساتھ اس ضمن میں مزید پیشرفت کو یقینی بنایا جائے۔

قونصل جنرل نے بتایا کہ دونوں ممالک اور صوبہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی بہت پوٹینشل موجود ہے، ایران اور پاکستان ان پوٹینشل کو بروئے کار لاکر صوبے میں ترقی کے حامی ہیں۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ ایرانی حکومت آئل اینڈ گیس اور اسطرح کے دوسرے شعبہ جات میں سرمایہ کاری، تعاون اور شرکت کا خواہشمند بھی ہے۔ محمد باقر بیگی نے مزید بتایا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر تحریک انصاف کی حکومت ہے اور صوبے کی ترقی میں بہتری آئی ہے، اس دورے سے صوبہ مزید ترقی کرسکے گا اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات بھی اچھے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پچھلے تین سالوں سے صوبے میں خدمات انجام دے رہیں ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ دونوں ملکوں خاص طور پر اس صوبے کے ساتھ تعلقات مزید بڑھا سکیں۔ وزیراعلٰی نے قونصل جنرل محمد باقر بیگی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا بھائی ملک ہے اور ایک اچھا دوست بھی ہے، دونوں ممالک ایک پیج پر ہیں، ہم ایران کے ساتھ ساتھ تمام مسلمان پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، ہمارا صوبہ خاص طور پر ایران کے ساتھ مختلف اُمور میں آگے بڑھنے کیلئے مکمل تعاون کرے گا۔ قونصل جنرل نے وزیراعلٰی کو ایران کے دورے کی دعوت دی جس پر وزیراعلٰی نے یقین دلایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ بہت جلد ایران کا دورہ یقینی بنائیں گے۔ بعد ازاں وزیراعلٰی اور ایرانی قونصل جنرل کے درمیان تحائف اور شیلڈ کا تبادلہ ہوا۔

ٹیگز
Show More

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker