دنیا

امریکہ پابندیاں اٹھا لے، ایران بھی جوہری معاہدے میں واپس آ جائے۔ روزماری اے ڈیکارلو

شیعت نیوز : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ روزماری اے ڈیکارلو نے کہا کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر ایران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جوہری معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد شروع کر دے۔

ویڈیو کانفرنس کی صورت میں منعقد کی جانے والی اس نشست سے اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روزماری اے ڈیکارلو نے اپنے خطاب کے دوران امریکہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل چاہتے ہیں کہ ایران میں کووِڈ-19 (کورونا وائرس) سے مقابلے کی کوششوں پر اثرانداز ہونے والی تمام امریکی پابندیاں اٹھا لی جائیں۔

روزماری اے ڈیکارلو نے اسی طرح ایران سے جوہری معاہدے میں واپس پلٹ آنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے ان اقدامات سے پریشان ہیں جو اس نے جوہری معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ دستبرداری کے جواب میں اٹھائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سلامتی کونسل ممبران نے ایران مخالف امریکی اقدام کی حمایت نہیں کی۔ تخت روانچی

اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روزماری اے ڈیکارلو کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری معاہدے سے یکطرفہ امریکی دستبرداری کے جواب میں اٹھائے گئے اقدامات کے باعث ایران جوہری معاہدے کے ذیل میں یورینیم کی افزودگی اور بھاری پانی کے ذخائر کے بارے میں متعین شدہ حدود سے آگے بڑھ گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم ایرانی جوہری معاہدے کے تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے درمیان موجود اختلافات کو معاہدے کے اندر طے شدہ طریقۂ کار کے مطابق حل کریں۔

دوسری طرف اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے وانگ کان نے کہا کہ ایران کے خلاف اسلحے کے پابندیوں میں توسیع پر مبنی امریکی کوششوں نے ایرانی جوہری معاہدہ بچانے کے مشترکہ اقدامات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

وانگ کان نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین امریکہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی غیرقانونی پابندیوں کو فورا اٹھا لے اور ایرانی جوہری معاہدے پر عملدرآمد شروع کر دے۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے نے کہا کہ چین ایران کے خلاف اسلحے کی پابندیوں میں توسیع پر مبنی امریکی کوششوں کے خلاف ہے جبکہ امریکہ جوہری معاہدے سے یکطرفہ دستبرداری کے باعث ’’ٹرگر میکینزم‘‘ استعمال کرنے کا حق نہیں رکھتا۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close