عراق

امریکی فوجیوں کے انخلاء کا عراق کی سیکورٹی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یحیی رسول

شیعت نیوز: عراق کے وزیر دفاع یحیی رسول نے کہا ہے کہ ملک کے چند فوجی اڈوں سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا عراق کی سیکورٹی اور داعش کے خلاف کاروائیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

عراق کے وزیر دفاع یحیی رسول نے کچھ فوجی چھاؤنیوں سے امریکی دہشت گردوں کے انخلاء کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فوج نے ملک کو سیکورٹی و تحفظ فراہم کیا ہے، داعش دہشت گردوں کو ملک سے باہر نکالا ہے اور ان کے باقیماندہ عناصر کے خلاف بھی جنگ کر رہی ہے۔

یحیی رسول نے کہا کہ عراق کے اندر داعش دہشت گرد گروہ کے عناصر کا پیچھا کرنے اور ملک سے ان کا صفایا کرنے کی پوری صلاحیت اور بھرپور آمادگی پائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق: امریکی طیاروں کی صوبہ دیالی پر پروازیں، حشد الشعبی کی کاروائیوں کا آغاز

درایں اثنا عراق کی سیکورٹی افواج نے عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے تعاون سے صوبہ دیالہ کے علاقے خانقین پر داعش دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا ۔ اس کارروائی میں داعش کے چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی نے بھی اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کے چوتھی بریگیڈ نے صوبہ دیالہ کے حمرین ساغر کے علاقے میں داعش دہشت گردوں کے حملے کو پسپا اور دہشت گردوں کو فرار اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

گذشتہ چار دن کے اندر صوبہ دیالہ میں داعش کا یہ چوتھا حملہ ہے جسے حشد الشعبی کے جوانوں نے ناکام بنایا ہے۔ عراق میں داعش کی شکست کے باوجود اب بھی اس ملک کے مختلف علاقوں میں داعش کے دہشت گرد موجود ہیں اور اکا دکا دہشت گردانہ کاروائیاں کر تے رہتے ہیں۔

درایں اثنا حشد الشعبی کے ایک کمانڈر علی الحسینی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ کے داخلی حالات نہایت پیچیدہ ہیں کہا کہ حشد الشعبی کے بعض مراکز کو نشانہ بنانے سے متعلق واشنگٹن کے منصوبے کے بارے میں کچھ امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کا مقصد امریکہ میں پھیلنے والے کورونا وائرس اور اس سے پیدا ہونے والی افراتفری کی جانب سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانا ہے۔الحسینی نے مزید کہا کہ حشد الشعبی کے اندر تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

دوسری جانب عراق کی نجباء اسلامی استقامتی تحریک کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ عراق میں جب تک غاصب امریکی فوجیوں کی غیرقانونی موجودگی برقرار رہے گی اس وقت تک ملت عراق کی استقامت و مزاحمت جاری رہے گی اور ہرگز رکنے والی نہیں ہے۔ نجباء استقامتی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ عراق پر غاصبانہ قبضہ کو تسلیم کرنا ایک طرح کا جرم اور عراقیوں کے خون، عزت نفس اور اقتدار اعلی کی بے احترامی ہے۔

تحریک النجباء کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے دہشت گرد غاصب فوجیوں کے ساتھ عراق کی مقابلہ آرائی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عراق سے جب تک غاصب امریکہ کے تمام با وردی دہشت گرد باہر نہیں نکل جاتے اس وقت تک استقامت کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

ٹیگز
Show More

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close