اہم ترین خبریںپاکستان

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا علامہ نیاز نقوی کو ٹیلیفون، کورونا کےخلاف تعاون کی اپیل

وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر نے مطالبہ کیا کہ کیمپوں میں صفائی، غذا اور علاج کی فراہمی اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کیساتھ شیعہ علماء و تنظیموں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے

شیعت نیوز: پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کو ٹیلی فون کیا اور ان سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں علماء کرام حکومت کا ساتھ دیں، ملک کے تمام طبقات سیاسی مذہبی اور مسلکی اختلافات بھول کر ایک آواز ہو جائیں اور قومی جذبے کیساتھ موذی وبا کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کورونا وائرس کے متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے نوجوان رضاکاروں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب سے آئی خاتون نے اپنے 16رشتہ داروں میں کورونا وائرس منتقل کردیا، سعید غنی

علامہ نیاز نقوی نے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کو یقین دہانی کروائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں علما حکومت کیساتھ ہیں، بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور مزید بھی کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت فوری اور موثر اقدامات کرے۔ اس بحران سے نمٹنے کیلئے شیعہ علماء، تنظیمیں، مخیرین اور نوجوان حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہیں۔ جن نکات کی طرف صدر پاکستان نے متوجہ کیا ہے ہم خود بھی اس پر پہلے سے عمل کر رہے ہیں اور ملک بھر میں اپنے مدارس، علماء، آئمہ جمعہ و جماعت کو بھی تاکید کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمودقریشی کا کورونا وائرس سے مقابلےکیلئے ایران پرسے عالمی پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ

علامہ نیاز نقوی نے صدر مملکت، وزیر اعظم، آرمی چیف، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی برائے صحت، اطلاعات اور تعلیم کے نام خط میں متوجہ کیا اور زور دیا کہ میڈیا سے مخصوص قسم کا پروپیگنڈا قومی یکجہتی کی فضاء کو متاثر کر رہا ہے۔ اس آزمائش و مصیبت کو مقامات ِ مقدسہ کے زائرین سے جوڑنا نہ صرف خلاف ِ حقائق بلکہ قومی یکجہتی کی فضاء کے بھی منافی ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ کے اسباب و عوامل سے سب ذمہ داران بخوبی آگاہ ہیں۔ عوامی رائے سازی میں میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اِس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں اور منفی تاثر اجاگر کرنے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 1270زائرین ملتان میں قائم قرنطینہ سینٹر منتقل ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے استقبال

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے واپس آنیوالے مسافروں بالخصوص زائرین کیلئے بنائے گئے کیمپوں کی صورتحال اطمینان بخش نہیں۔ شیعہ علماء و تنظیموں کو ان کیمپوں تک رسائی دی جائے تاکہ حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں۔ وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر نے مطالبہ کیا کہ کیمپوں میں صفائی، غذا اور علاج کی فراہمی اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کیساتھ شیعہ علماء و تنظیموں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close