دنیا

برطانوی شہزادے چارلس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

شیعت نیوز : برطانوی شہزادے چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جس کے بعد شہزادے کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے صاحبزادے 71 سالہ ولی عہد چارلس میں نزلہ اور زکام جیسی چند علامتیں ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔

شہزادے نے گزشتہ دو ماہ میں کئی مہمانوں سے ملاقاتیں کی تھیں اور وہ بیرون ملک دورے پر بھی گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا وائرس برطانیہ کے شاہی محل تک پہنچ گیا، جنگی بیڑا فرار

شہزادہ چارلس کی سرکاری رہائش گاہ کلیرنس ہاؤس کے ترجمان کے مطابق شہزادہ چارلس میں اس بیماری کی علامات ابھی معمولی نوعیت کی ہیں، شہزادے کی اہلیہ کامیلا پارکر کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے تاہم اُن میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم اور شہزادہ چارلس سمیت 70 سال زائد عمر کے حامل شاہی خاندان کے ممبران کو ہجوم سے دور اور پرسکون مقام پر قرنطینہ کیا گیا تھا جس کے بعد یہ خبریں بھی گردش میں تھیں کہ شہزادہ ولیم ملک کے بادشاہ کے طور پر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے سٹی ائیرپورٹ سے اپریل کے آخر تک تمام پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی گئی ہے۔یہ فیصلہ مہلک وائرس کرونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

لندن کا یہ ہوائی اڈا شہر کے کاروباری مرکز کے نزدیک واقع ہے۔سٹی ائیرپورٹ کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم نے تمام تجارتی اور پرائیویٹ پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا مشکل، مگر ناگزیر فیصلہ کیا ہے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’’اس فیصلے پر بدھ کی شب سے عمل درآمد کا آغاز ہورہا ہے اور اپریل کے آخر تک پروازوں کی آمدورفت معطل رہے گی۔ہم اس دوران میں صورت حال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔‘‘

لندن سٹی ائیرپورٹ کے ذریعے ہرسال پچاس لاکھ سے زیادہ مسافر سفر کرتے ہیں۔ان میں زیادہ تر یورپی شہری اور کاروباری حضرات شامل ہیں جو لندن کاروبار کے سلسلے میں آتے جاتے رہتے ہیں۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close