اہم ترین خبریںلبنان

بیروت میں ہولناک دھماکے ، کثیرہلاکتوں کا خدشہ، ہزاروں افراد زخمی

شیعت نیوز : لبنان کے دارالحکومت بیروت میں متعدد ہولناک دھماکے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں چار ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ہیں اور سیکڑوں عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔اب تک حکام نے 78 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے لیکن ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ ہولناک دھماکے بیروت کے شمال میں بیس کلومیٹر دور واقع بندرگاہ کے علاقے میں واقع گولہ بارود کے گودام میں ہوئے ہیں۔ ان شدید دھماکوں کی آوازیں کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی ہیں،ان سے دور دور تک کئی ایک کثیر منزلہ عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں اور شاہراہوں پر کھڑی سیکڑوں گاڑیاں جل گئی ہیں یا عمارتوں کا ملبہ گرنے سے تباہ ہوگئی ہیں۔

فوری طور پر دھماکوں کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ لبنان کی جنرل سکیورٹی کے سربراہ عباس ابراہیم نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ دھماکوں کی جگہ ’’انتہائی دھماکہ خیز مواد‘‘ رکھا گیا تھا۔ یہ مواد کچھ عرصہ قبل ضبط کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : قائد ملت اسلامیہ پاکستان علامہ عارف الحسینی ؒ کا 32واں یوم شہادت کل عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

لبنان کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گودام میں سال قبل ایک بحری جہاز سے ضبط کیا گیا 2750 سوڈیم نائٹریٹ رکھا گیا تھا اور اسے ضائع کیا جانا تھا۔

ایک دھماکہ سابق وزیراعظم سعد الحریری کی اقامت گاہ کے نزدیک ہوا ہے۔ لبنان کے ایک مقامی ٹی وی اسٹیشن ایم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بیروت کی بندرگاہ پر واقع ایک گودام میں پہلا دھماکہ ہوا تھا۔

سعدالحریری نے دھماکوں کے بعد پروگریسو سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر ولید جنبلاط کے ساتھ اپنی تصاویر ٹویٹر پر جاری کی ہیں۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ولید جنبلاط دھماکوں کے بعد ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے ان کے ہاں آئے تھے۔

ان تباہ کن دھماکوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی تفصیل ابھی آرہی ہے۔ بیروت کے سرکاری اداروں نے دھماکوں کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں اور عام شہری بھی اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتالوں میں پہنچا رہے تھے۔

بیروت کے اسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں اورسیکڑوں زخمیوں کو اسپتالوں کے باہر کھلی جگہوں پر لٹا کر طبی امداد مہیا کی جارہی ہے۔ رات بھر بندرگاہ کے پاس پڑوس کے علاقوں میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رہی ہیں اور ابھی تک سیکڑوں افرادلاپتا ہیں جس کے پیش نظر اس خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close