ایران

دفاعی سیٹیلائٹ کی خلا میں تنصیب ملک و ملت کی بڑی کامیابی ہے۔ حسین سلامی

شیعت نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ملک کا پہلا دفاعی سیٹیلائٹ خلا میں پہنچا دیا ہے۔ اس پیشرفت کو خلائی تحقیقات کے میدان میں ایران کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کا پہلا دفاعی سیٹیلائٹ بدھ کے روز خلا میں روانہ کیا گیا جو کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نور نامی دفاعی سیٹیلائٹ کو خلا میں پہنچانے کے لیے دو مرحلے والے قاصد نامی راکٹ کا استعمال کیا گیا جس نے سیٹیلائٹ کو چار سو پچیس کلومیٹر کی بلندی پر زمین کے مدار میں کامیابی کے ساتھ پہنچایا۔

اس پیشرفت کو خلائی تحقیقات کے میدان میں ایران کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رہبر معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کا سپاہ پاسداران انقلاب کی کوششوں کی قدردانی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے ملک کی اس عظیم کامیابی پر رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور غیور ایرانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ خلا میں سیٹیلائٹ کی کامیابی کے ساتھ تنصیب کے بعد ایران کی دفاعی طاقت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور خدا کا فضل و کرم ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آج خلا میں داخل ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم خلا کے ذریعے دنیا بھر کو دیکھ سکتے ہیں اور اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ہماری دفاعی طاقت اور اسٹریٹیجک انٹیلی جینس کا دائرہ مزید وسیع تر ہو گیا ہے۔

جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ اس کثیر المقاصد سیٹیلائٹ کی خلا میں تنصیب انفارمیشن اور انٹیلی جینس وار کے میدان میں ہمیں مزید طاقت عطا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی نے بڑی تبدیلی کا آغاز کر دیا ہے اور بلا شبہ ایران کے لیے یہ ایک عظیم کامیابی ہے۔

جنرل حسین سلامی نے مزید کہا کہ سیٹیلائٹ لانچنگ کا تعلق صرف دفاعی معاملات سے نہیں ہے بلکہ یہ کامیابی ملک کو دیگر شعبوں میں بھی ترقی کی چوٹیوں پر لے جانے میں مددگار ثابت ہوگی جسے بلا شبہ ہمارے اسلامی نظام حکومت کی بڑی کامیابی کہا جانا چاہیے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے بتایا کہ سیٹیلائٹ کی تیاری اور لانچنگ کی تمام تر ٹیکنالوجی ایرانی ماہرین کی تیار کردہ ہے اور پابندیوں کی وجہ سے کسی طرح کا بیرونی تعاون ہمیں حاصل نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اس کامیابی کا واضح پیغام یہ ہے کہ پابندیاں نہ صرف یہ کہ ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں بلکہ ان کے نتیجے میں اندرون ملک نئی ٹیکنالوجی کی تیاری کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایران خطے کی بڑی طاقت میں تبدیل ہونے کے بعد عالمی طاقت بننے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

جنرل حسین سلامی نے اس اسٹریٹیجک خلائی پیشرفت کو طاقتور بننے پر مبنی رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان کی تکمیل کا حصہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت کا عظیم پیغام یہ ہے کہ ہم جس میدان میں چاہیں، خداوند تعالی کی مدد نیز اپنی اندرونی توانائیوں اور صلاحتیوں پر انحصار کرکے نمایاں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close