اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید

آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے 2 شہری شہید اور 6 خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے

شیعت نیوز: بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے 2 شہری شہید اور 6 خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز نے جہلم ویلی سے کم از کم 100کلومیٹر پر واقع لیپہ ویلی میں دو گاؤں کو اشتعال انگیزی کا نشانہ بنایا، جس میں زخمی ہونے والوں میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے لیپہ ویلی میں شیلنگ شروع کی جو پھیلتے ہوئے پوری وادی میں پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی شیلنگ سے قیصر کوٹ اور بیجل دار گاؤں میں تین گھر مکمل تباہ ہو گئے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر اختر ایوب نے بتایا بھارتی فورسز کی فائرنگ سے نیلم ویلی کے گاؤں شاردا میں 25 سالہ نعمان اور کتھا چوگلی میں 17 سالہ بسمہ بی بی شہیدہو گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایل او سی پر بھارتی فورسز کی جارحیت سے ایک خاتون جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ کشمیر کے ضلع حویلی میں خورشید آباد اور نیزا پیر سیکٹر میں رات گئے پیش آیا تاہم سرکاری سطح پر اطلاعات آج صبح بتائی گئیں۔

یہ خبر بھی لازمی پڑھیں: بھارتی طیاروں کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کی فوری دفاعی کاروائی

بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے 3 بجکر 45 منٹ پر نیزا پیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جبکہ خورشید آباد سیکٹر میں بھی بلااشتعال فائرنگ کا آغاز 6 بجے شروع ہوا تھا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی کے لیپا، جورا، ڈنہ، شاردا اور شاہ کوٹ سیکٹرز میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی شیلنگ سے 26 سالہ نعمان احمد شہید ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی شیلنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فورسز کی شیلنگ کا بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کی جوابی کاررورائی کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close