مقبوضہ فلسطین

ایران کے خلاف امریکی پابندیاں ظالمانہ ہیں۔ اسماعیل ہنیہ

شیعت نیوز: فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔

تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے وزیر خارجہ جواد ظریف کو فون کر کے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی مذمت کی اور کہا کہ یہ پابندیاں ظالمانہ ہیں اور انھیں ختم ہونا چاہئے۔ اسماعیل ہنیہ نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں ایران کے ساتھ ملت فلسطین کی یکجہتی کا بھی اعلان کیا ۔

وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی اس گفتگو میں بالخصوص ایسی حالت میں جب کورونا لوگوں کی جان لے رہا ہے، غزہ پٹی کا محاصرہ ختم کرنے اور صیہونی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی قوم کو کورونا سے بچانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔ اسماعیل ھنیہ

روس بھی ایک بیان میں ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کو ایک بیان میں ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا تھا۔

گذشتہ کئی ہفتوں سے ایران اور دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد ترکی، روس، پاکستان اور چین نے ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ و غیر قانونی پابندیاں اٹھا لئے جانے کا مطالبہ کیا ہے، مگر اس کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف پابندیاں اُٹھائے جانے کے مخالف ہیں۔

دوسری طرف حماس نے غزہ کی پٹی کے مسلسل محاصرے اور کورونا وائرس کے بحران کے باوجود غزہ کی اسرائیل کی جانب سے جاری ناکہ بندی کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کے علاقے کی آبادی پر سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی کی سرحدیں کھول دے اور غزہ کی انتظامیہ کو کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے جدید طبی آلات فراہم کرے۔

انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیہ اور فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے غزہ کی پٹی پرعائد کردہ اقتصادی پابندیاں اُٹھانے کا مطالبہ کیا۔

ادھر فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کی پٹی کے علاقے میں کورونا کے دو مریضوں کی تصدیق کی ہے جب کہ غرب اردن میں 59 افراد کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ ان میں سے 17 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close