اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں خون ریز تصادم، متعدد فلسطینی زخمی

شیعت نیوز : فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں یہودی آبادکاری کے خلاف نکالی گئی ریلی پراسرائیلی فوج کی طرف سے حملے کے نتیجے میں 15 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مغربی نابلس میں کفر قدوم کے مقام پر یہودی آباد کاری کے خلاف فلسطینیوں نے ریلی نکالی۔

فلسطینی 17 سال سے بند ایک شاہراہ کے کھولے جانے اور یہودی آباد کاری کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

فتح تحریک کے نائب صدر محمود العالول نے اس مظاہرے میں کہا کہ فلسطینی عوام کا ہر طبقہ غرب اردن کو اسرائیل میں شامل کرنے کا مخالف ہے اور آج کے احتجاجی مظاہرے میں انہوں نے اس کا اعلان بھی کیا۔

ادھر فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رہنما محمود الزہار نے بھی کہا ہے کہ نئے اصولوں کی بنیاد پر فلسطین کی آزادی کے لئے ایک نیا منصوبہ تیار کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے فلسطین کو آزاد کرانے کے لئے تمام فلسطینیوں میں اتحاد و یکجہتی پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی تنظیم حماس اور فتح کے اتحاد سے اسرائیل پر وحشت طاری

اسرائیلی فوج نے ریلی کو منتشر کرنے کے لیےان پر آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج کیا اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

مراد اشتیوی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کو موقع پرطبی امداد فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کی شیلنگ، صوتی بموں کا استعمال، دھاتی گولیوں کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔

اشتیوی کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے باوجود سیکڑوں فلسطینیوں نے ریلی میں شرکت کی۔

کفر قدوم میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم سے کم دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔

ادھر شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ سے کم سے کم چھ فلسطینی زخمی ہوئے۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close