اہم ترین خبریںپاکستان

لاہور ، قذافی سٹیڈیم قرنطینہ سنٹر سے 65 میں سے 39 زائرین گھروں کو روانہ

زائرین بھی پاکستانی شہری ہیں، ان کیساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے، جس پر اے سی ماڈل ٹاون اور ڈی آئی جی آپریشن رائے بابر سعید نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ زائرین کو عزت و احترام کیساتھ رکھا جا رہا ہے۔

شیعت نیوز: شیعہ علماء کونسل کی کوششوں سے لاہور کے قذافی سٹیڈیم قرنطینہ سنٹر میں موجود 65 زائرین میں سے 39 کو گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی جبکہ 16 زائرین کے رزلٹ مثبت آنے پر انہیں ایکسپو سنٹر میں قائم خصوصی ہسپتال میں بھیج دیا گیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم قرنطینہ سنٹر ذرائع کے مطابق 13 زائرین کی رپورٹس کا انتظار ہے، جو کہ آج رات گئے تک موصول ہو جائیں گی، جس کے بعد ان زائرین کے گھروں کو بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر اے سی ماڈل ٹاون خالد رانجھا کیساتھ شیعہ علماء کونسل کے وفد نے علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی کی قیادت میں ملاقات کی اور زائرین کے معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عراق میں پھنسے161 پاکستانی زائرین اور مسافر قومی ایئرلائن سے اسلام آباد پہنچ گئے

اس موقع پر شیعہ علماء کونسل لاہور کے ڈویژنل صدر قاسم علی قاسمی، ضلعی صدر ملک شوکت علی اعوان، جنرل سیکرٹری لاہور سید جعفر علی شاہ، صغیر ورک اور سجاد جعفری بھی موجود تھے۔ علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی نے کہا کہ زائرین کو بلاوجہ قید نہیں رکھا جا سکتا، جن زائرین کے رزلٹ منفی آئے ہیں، انہیں فوری گھروں کو بھجوایا جائے۔ جس کے بعد اے سی ماڈل ٹاون نے منفی رزلٹ والے زائرین کو گھروں کو جانے کی اجازت دیدی۔ علامہ حافظ کاظم رضا نقوی اور قاسم علی قاسمی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے انتظامیہ کو زائرین کے مسائل سے آگاہ کیا ہے اور انہیں بتایا ہے کہ زائرین بھی پاکستانی شہری ہیں، ان کیساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے، جس پر اے سی ماڈل ٹاون اور ڈی آئی جی آپریشن رائے بابر سعید نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ زائرین کو عزت و احترام کیساتھ رکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیمہ شعبان میں ظہور امام زمان ؑ اور کورونا کے خاتمے کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں،علامہ ناصرعباس

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی نے بتایا ہے کہ جن زائرین کے رزلٹ مثبت آئے ہیں، انہیں بھی احترام کیساتھ ایکسپو سنٹر میں بنائے گئے خصوصی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر زائرین کی بھی تمام ضروریات کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ قاسم علی قاسمی نے کہا کہ ہم آخری زائر کی اس قرنطینہ سنٹر میں موجودگی تک یہاں موجود رہیں گے اور تمام زائرین کے گھر جانے تک انتظامیہ سے رابطے میں رہیں گے۔ حافظ سید کاظم رضا نقوی کا کہنا تھا کہ ہم پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔

ٹیگز
Show More

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close