اہم ترین خبریںپاکستان

مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کی آزادی کو سلب نہیں کر سکتی، علامہ باقر زیدی

شیعت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرامات منعقد کئے گئے، کراچی میں مرکزی پروگرام گرومندر چورنگی پر منعقد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء، دانشور حضرات اور محب وطن پاکستانیوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کے موقع پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا گیا، ایم ڈبلیو ایم کراچی نے بھی اس سلسلے میں کراچی کے قلب میں واقع گرومندر چورنگی پر یوم یکجہتی کشمیر کا پروگرام منعقد کیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، جعفریہ الائنس کے شبر رضا، اہلِ سنت عالم دین مقصود عالم ہمایوں، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا ملک عباس، مولانا فدا حسین منتظری، ناصر حسینی، ارشد اللہ مکتبی، حسن رضا، رضوان پنجوانی، عرفان حیدر سمیت درجنوں لوگوں نے شرکت کی۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کی آزادی کو سلب نہیں کر سکتی، عالمی برادری کشمیری مسلمانوں پر جاری بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد مسلم ریاستیں کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے جبر پر مجرمانہ انداز میں خاموش ہیں۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک میں ہم انکے شانہ بشانہ ہیں، کشمیر پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ شرکاء نے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ پروگرام کے اختتام پر کشمیری اور پاکستانی افواج کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

ٹیگز
Show More

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close