اہم ترین خبریںپاکستان

علامہ باقر عباس زیدی اور مفتی گلزار نعیمی کی ملاقات، مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

شیعیت نیوز : جامعہ امامیہ کراچی کے پرنسپل اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی سے جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے پرنسپل اور جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وحدت ہاؤس کراچی میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی سے صدر جماعت اہل حرم پاکستان مفتی گلزار احمد نعیمی نے ملاقات کی جس میں مسلکی ہم آہنگی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پرایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی بھی موجود تھے۔ملاقات میں مذہبی رہنماؤں نے قومی امن اور ملک کے استحکام کے لئے وحدت و اخوت کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی پاکستان آمد، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے اہم ملاقات

علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، دوسروں کے مذہبی نظریات اور عقائد کا احترام کو مقدم رکھ کر ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ملک دشمن قوتیں مذہبی منافرت کے ذریعے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں، ایسی صورتحال میں علماء کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، معتدل مذہبی شخصیات کو امن و آشتی کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مفتی گلزار نعیمی نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اختلافات پر الجھنے کی بجائے مشترکات پر باہم ہونے کی ضرورت ہے، شیعہ سنی علماء کے اتحاد سے ان عناصر کو شکست ہوگی جو ملک میں نفاق کا بیج بونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلومین کے لئے آواز بلند کرنا ہم سب کی شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، مسئلہ فلسطین پر خاموشی صیہونیت کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مسلمانوں کے قبلہ اول پر صیہونیوں کے قبضے کے خلاف آج پوری دنیا میں آواز بلند ہو رہی ہے، کشمیر و فلسطین کا تنازع محض کسی زمین کے ٹکڑے کے حصول کے لئے نہیں بلکہ ایک تاریخی حقیقت کو جھٹلانے اور نہتے مسلمانوں پر یہود و ہنود کی ظالمانہ کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ بننے کے لئے ہے، عالم اسلام کو دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہوگا۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close