یمن

یمن کے صوبے الحدیدہ کے ایئرپورٹ پر سعودی اتحاد کا حملہ

شیعت نیوز: سعودی اتحاد نے یمن میں الحدیدہ کے ایئرپورٹ اور اس ملک کے مختلف علاقوں کو مختلف قسم کے ہتھیاروں سے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے جمعرات کے روز جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے یمن کے صوبے الحدیدہ کے ایئرپورٹ پر شدید بمباری کی جس میں اس ہوائی اڈے کو خاصا نقصان پہنچا۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران الحدیدہ میں سڑسٹھ بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

الحدیدہ یمن کا ایک ایسا صوبہ ہے جہاں جنگ بندی کے سلسلے میں سوئیڈن میں اتفاق رائے ہوا تھا مگر جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے ہی سعودی اتحاد کی جانب اسکی خلاف ورزی شروع کر دی گئی اور وہ مستقل بنیادوں پر وحشیانہ حملے کرتا رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یمن کے بندرگاہی شہر الحدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری

سوئیڈن میں جنگ بندی کے اس سمجھوتے پر سن دو ہزار اٹھارہ میں دستخط ہوئے تھے۔

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اسی طرح یمن کے مرکزی، شمالی اور شمال مغربی علاقوں کو بھی وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبوں مآرب، الجوف، صعدہ اور حجہ کے مختلف علاقوں پر سینتالیس بار حملے اور شدید بمباری کی۔ رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں یمن کی بنیادی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔

صوبے الحدیدہ کے علاقے حیس پر بھی سعودی اتحاد کی جارحیت میں ایک یمنی شہری شہید ہوا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں۔ اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close